1 فروری 2020 - 05:51
آج پارلیمان کے مشترکہ بجٹ اجلاس میں بھی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف نعرے سنائی دئے اور بجٹ اجلاس میں صدر رام ناتھ کوند کی تقر

ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ سی اے اے این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جہاں پورے ملک میں جاری ہے وہیں آج اس کے خلاف پارلیمان کے مشترکہ بجٹ اجلاس میں بھی نعرے سنائی دئے اور بجٹ اجلاس میں صدر رام ناتھ کوند کی تقریر میں خلل واقع ہوا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ سی اے اے این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جہاں پورے ملک میں جاری ہے وہیں آج اس کے خلاف پارلیمان کے مشترکہ بجٹ اجلاس میں بھی نعرے سنائی دئے اور بجٹ اجلاس میں صدر رام ناتھ کوند کی تقریر میں خلل واقع ہوا

ہندوستانی میڈیا کے مطابق سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ہندوستان کے دوہزار بیس اور اکیس کے مالی سال کے بجٹ سے پہلے اور بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں بھی حزب اختلاف کی جماعتوں نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے لگائے - جمعے کو بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں حزب اختلاف کی ایک درجن سے زائد جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ اور رہنماؤں نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف نعرے لگائے اور اس کو ملک کے لئے خطرہ قرار دیا - حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس پارٹی کی کارگزار صدر سونیا گاندھی نے بھی اس احتجاجی اجتماع میں سی اے اے اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے ۔ بعد ازاں نئے بجٹ کے لئے بلائے گئے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر رام ناتھ کوند نے خطاب کیا - صدر نے جیسے ہی اپنے خطاب میں سی اے اے کا ذکر کیا اور اس سلسلے میں حکومت کی تعریف کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے نعرے لگا کر اس کی مخالفت کی - صدر کی تقریر کے دوران جہاں سی اے اے کی حمایت میں صدر کے بیان پر حزب اقتدار کے ارکان نے میز تھپتھپا کر خیر مقدم کیا وہیں حزب اختلاف کی جماعتوں نے نعرے لگا کر اس کی مخالفت کا اعلان کیا - حزب اختلاف کی جماعتوں کے نعروں کی وجہ سے صدر کے خطاب میں خلل واقع ہوا - صدر کی تقریر کے بعد وزیرخزانہ سیتارمن نے نئے مالی سال کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا - صدر کے خطاب کے بعد کانگریس نے کہا ہے کہ صدر کے خطاب میں اقتصادی کساد بازاری سے نمٹنے کے لئے کچھ نہیں کہا گیا کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کا کہنا تھا کہ حکومت نے سی اے اے کے بارے میں اپنا موقف ایک بار پھر دوہریا ہے جس سے سی اے اے کے خلاف مظاہروں میں مزید شدت پیدا ہوگی انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین طلبا اور نوجوانوں کے جمہوری احتجاج کو یکسر مسترد کردیا ہے جس کی وجہ سے اب ان مظاہروں میں مزید تیزی آئے گی۔ اس درمیان جمعرات کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے باہر طلبا کے مارچ پر ایک شدت پسند مسلح نوجوان کی فائرنگ کے واقعے کی گونج جمعہ کو بھی پورے ملک میں جاری سی اے اے مخالف مظاہروں میں سنائی دی - سی اے اے این آرسی اور این پی آر کے خلاف جمعے کو بھی قومی دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے بہت سے علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں - شاہین باغ میں جمعرات اور جمعہ کے درمیان ایک پریس کانفرنس ہونے والی تھی تاہم اس کو منسوخ کردیا گیا - اس درمیان جمعہ کو الیکشن کمیشن کے افسران بھی دہلی پولیس کے اعلی عہدیداروں کے ہمراہ شاہین باغ میں دھرنے کے مقام پر پہنچے - الیکشن کمیشن کے افسران شاہین باغ اور جامعہ نگر میں دہلی اسمبلی کے الیکشن کے دوران پولنگ بوتھ کے مراکز قائم کرنے کے بارے میں مظاہرین سے بات چیت کے لئے وہاں پہنچے تھے - الیکشن کمیشن کے افسران نے شاہین باغ اور جامعہ نگر علاقوں میں الیکشن کے دوران پولنگ مراکز کے قیام کا جائزہ لیا - دوسری جانب سی اے اے اور این آرسی کے خلاف لکھنو ، پٹنہ کولکتہ ، ممبئی ، بنگلورو ، راجستھان ، حیدر آباد ، ریاست آسام کے متعدد اضلاع سمیت ہندوستان کے بہت سے شہروں میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں ۔



/129